بنگلورو3فروری (ایس او نیوز) بڈدی کے ایگل ٹن ریسارٹ میں حملہ کا شکار ہوسپیٹ کے رکن اسمبلی آنند سنگھ شیشادری پور م کے اپولو اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔
آنند سنگھ نے آج واضح طور پر کہا کہ کمپلی کے رکن اسمبلی گنیش کے ساتھ کسی بھی حالت میں صلح نہیں ہوسکتی ۔ مجھ پر حملہ کرنے والا رکن اسمبلی گنیش کہا ں ہے ۔ مجھے پتہ نہیں ۔حملہ کے بعد اس کے ساتھ میری کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ جرم کرنے والے گنیش پرقانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔ میں کسی بھی صورت میں ان کے ساتھ صلح صفائی کی بات چیت کے لئے راضی نہیں ہوسکتا ۔ زیر علاج آنند سنگھ نے کہا کہ میں صحتیاب ہورہا ہوں۔مکمل طور پر صحت مند ہونے کیلئے مزید 15تا20دن درکار ہیں۔ زخم زیادہ گہرا ہے ۔ سینہ میں بھی درد ہے ۔
خیال رہے کہ کانگریس نے اپنے اراکین اسمبلی کے اتحاد کامظاہرہ کرانے کیلئے بڈدی کے ایگل ٹن اسمارٹ میں اراکین کو جمع کررکھا تھا ۔ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کی زیر قیادت کا نگریس لیجس لیچرس پارٹی ( سی ایل پی) اجلاس مکمل ہونے کے بعد کانگریس اراکین نے پارٹی کے اس اجتماع کے دوران بات بات سے بتنگڑ بنا کرجھگڑا شروع کردیا ۔ رکن اسمبلی گنیش طیش میں آکر بوتل سے آنند سنگھ پر حملہ کردیا ۔ نتیجہ میںآنند سنگھ کے چہرہ پر سخت زخم آئے ۔